Thursday, 29 May 2014

مودی نے الزامات کی فہرست تھمائی ،وزیراعظم کو بھی ٹھوس موقف اپنانا چاہیے تھا

مودی نے الزامات کی فہرست تھمائی ،وزیراعظم کو بھی ٹھوس موقف اپنانا چاہیے تھا،سراج الحق

29 مئی 2014 (11:34)

مودی نے الزامات کی فہرست تھمائی ،وزیراعظم کو بھی ٹھوس موقف اپنانا چاہیے تھا،سراج الحق
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف بھارتی حکمرانوں سے اپنی بات چیت میں مسئلہ کشمیر پر واضح اور دو ٹوک موقف اپناناچاہیے تھا ۔ بھارتی وزیراعظم نے پاکستا ن پر الزامات کی ایک فہرست میاں نوازشریف کو پکڑا دی ہے۔ ملک بھر کی دینی و سیاسی جماعتیں ملک میں جمہوری اداروں کے تحفظ کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو جائیں۔ جماعت اسلامی کسی ایسی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی جس کے نتیجے میں جمہوریت پٹڑی سے اُترجائے۔اسلام آباد کے حکمرانوں نے طالبان سے مذاکرات کے سنہری موقع سے فائدہ نہیں اُٹھایا ۔ طاقت کے استعمال سے مسئلے حل نہیں ہو تے بلکہ نفرتیں جنم لیتی ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی معنوں میں تبدیلی اور انقلاب کے لئے بہت جلد ایک عوامی ایجنڈے کو عوام کے سامنے پیش کرےگی جس کے نتیجے میں ظلم و جبر کا نظام خس و خشاک کی طرح بہہ جائے گا۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے پشاور میں یتامیٰ کی کفالت کے لئے آغوش سنٹر کا آغاز کرکے بہت بڑی خدمت انجام دی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کار ہر مشکل میں عوام کے درمیان موجود ہوتے ہیں جس کے لئے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیزکے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام یتامٰی کی کفالت کے لئے آغوش سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان ، الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی نائب صدر احسان اللہ وقاص، صوبائی صدر نور الحق، سابق عالمی سکواش چیمپیئن قمر زمان اور الخدمت فاؤنڈیشن ضلع پشاو رکے صدر خالد وقاص چمکنی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں صوبائی وزراء عنایت اللہ، حبیب الرحمن خان، مہر تاج روغانی، ممبران صوبائی و قومی اسمبلی کے علاوہ جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان بھی موجود تھے۔سراج الحق نے غریب اور مظلوم عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی حالت بدلنے اور ملک کو جاگیر داروں ، سرمایہ داروں کے چنگل سے نجات دلانے کے لئے جماعت اسلامی کے پرچم تلے جمع ہو جائیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ نظام سے جرنیلوں کے بچے جرنیل ، بیورو کریٹ کے بچے بیور وکریٹ بنتے ہیں ،جبکہ غریبوں کے بچوں کی قسمت میں صرف چوکیداری لکھ دی گئی ہے لیکن جماعت اسلامی اس ظالمانہ نظام کو تبدیل کرکے دم لے گی۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی پہلی اسلامی ریاست ہمارے لئے رول ماڈل ہے جہاں پر سوشل سیکورٹی کا ایسا نظام قائم تھا جس میں عوام کی بنیادی ضروریات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری تھی ۔ انہوں نے کہاکہ مغربی ممالک نے بھی اپنے عوام کے لئے سوشل سیکورٹی کا نظام دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو رہنے کے لئے گھر ، خوراک صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی ایک فلاحی ریاست کی ذمہ داری ہے۔
www.swatsmn.com

No comments:

Post a Comment

Shields at Saleem Media Service 03479441713

www.swatsmn.com Shields Oxford Grammar School  Sahar Public School The Swat School of Excellence Iqra Rozatul atfal children academy AMS Col...