عشق نے زندگی چھین لی، مختلف تنازعات پر چارخواتین سمیت 14افرادجان کی بازی ہارگئے
لاہور (کرائم رپورٹر) معاشی تنگدستی، خاندانی تنازعات اور گھریلو جھگڑوں کے واقعات میں 20 گھنٹوں کے دوران 4 خواتین سمیت 14 افراد جان کی بازی ہار گئے، 500روپے کے لین دین پر نوجوان نے سگی ماں اور بہن کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا جبکہ وٹے سٹے کی شادی پر خاوند کے رویے سے تنگ آکر ماں نے اپنے دو معصوم بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگادی۔ نوجوان جوڑے نے عشق میں ناکامی پر زہر پھانک کر زندگیاں ختم کرلیں۔ فیصل آباد کے علاقہ رسول پورہ میں نوجوان تنویر نے والدہ سے 500 روپے جیب خرچ طلب کیا ماں نے رقم پاس نہ ہونے کا کہا جس پر تنویر سیخ پا ہوگیا۔ اس دوران بہن یاسمین نے بیچ بچاﺅ کرانے کی کوشش کی تو ملزم تنویر نے پسٹل نکالا اور ماں بہن پر فائر کھول دیا اور دونوں کو موقع پر ہی ڈھیر کردیا۔ منڈی بہاﺅالدین کے نواحی علاقہ ملکوال میں رخسانہ نامی لڑکی کی شادی مقامی شخص رضوان سے ہوئی تھی جبکہ رخسانہ کے بھائی اصغر کی شادی اس کے خاوند کی بہن صغراں سے ہوئی تھی لیکن وٹے سٹے کی شادی کی بدولت دونوں گھروں میں اکثر جھگڑا رہتا۔ گزشتہ روز رخسانہ ان جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہوگئی اور اپنی ڈیڑھ سالہ بچی اور 3 سالہ بچے سمیت منڈی بہاﺅالدین کی مرکزی نہر میں چھلانگ لگادی۔ راہگیروں نے یہ منظر دیکھا تو دو نوجوان نہر میں کود گئے ماں رخسانہ کو تو بچا لیا گیا تاہم دونوں معصوم بچوں کی لاشیں کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی تلاش نہ کی جاسکی۔ رخسانہ کی حالت بھی تشویشناک ہے اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ بھی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ فیصل آباد کے گاﺅں چک 78 گ ب کی 14 سالہ سمیرا اپنے بھائی سے جھگڑنے کے بعد اپنے تعلق دار محمد علی کے گھر چلی گئی دونوں کی آپس میں دوستی تھی اور سمیرا محمد علی سے شادی کرنا چاہتی ہے۔ اس نے اپنے بھائی سے جھگڑے کی کہانی محمد علی کو سنائی جس کے بعد دونوں نے زہر کھا کر زندگی ختم کرلی اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ساہیوال کے قصبہ بصالت میں عشق میں ناکامی پر بی اے کی طالبہ راحیلہ اور نوجوان محمد اکبر نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا کر زندگی ختم کی۔ لیہ میں پسند کی شادی نہ ہونے پر سلمیٰ بی بی نے پھندا ڈال کر خود کشی کرلی جبکہ ماچھی گوٹھ میں پروین نامی خاتون سے خاوند سے جھگڑ کر اپنی زندگی ختم کی۔ نور کوٹ کے علاقہ میں نویں جماعت کے طالب علم ندیم نے دسویں جماعت کے طالبعلم اور اپنے کزن ارسلان کو چھری کے وار کرکے ہلاک کردیا۔
www.swatsmn.com
No comments:
Post a Comment