میر پور: ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
میر پور کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے، کپتان برینڈن میک کولم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 45 گیندوں پر 59 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے، دیگرکھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل 11، کین ولیمسن 7، روس ٹیلر 9، کولن منرو 20، کورے اینڈرسن ایک، لوک رونچی 8، جمی نیشیم ایک، نیتھن میک کولم 4 اور ٹم ساؤتھی 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد طلحہٰ نے 2، سعید اجمل، سہیل تنویر، ذوالفقار بابر اور بلاول بھٹی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے 146 رنز کا ہدف آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، کئی سیریز بعد ٹیم میں دوبارہ شامل ہونے والے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز بنائے تاہم پھر وہ زخمی ہونے کے باعث ریٹائرڈ آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان محمد حفیظ بھی 55 رنز بنا کر نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان 12 اور عمر اکمل 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے نیتھن میک کولم نے 2 جبکہ رونی حرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
No comments:
Post a Comment