Swatsmn refers to the means of interactions among people in which they create, share, and/or exchange information and ideas in virtual communities and networks. The Office of Communications and Marketing manage it
Friday, 13 May 2016
ماں سے چوری
www.swatsmn.com ایک تھے ہمارے ٹھیکیدار دوست۔ سرکاری ٹھیکے لیتے، رشوت خوب دیتے، مال بھی خوب بناتے اور پھر اپنے کارنامے ہمیں مزے لے لے کر سُناتے۔ ایک دن ہم نے بِھنّا کر کہا کہ یار چوری پر اِتنا فخر۔
اُنھوں نے کہا بھیا چوری کاہے کی۔ ملک اپنی ماں ہے۔ جو ماں کا ہے وہ ہمارا ہے۔ ماں سے لیا تو چوری کیسے کی؟ جب ماں کا دھیان اِدھر اُدھر ہو تو اُس کے پلّو سے دو چار روپے تو تم بھی نکال ہی لیتے ہو گے۔
پڑھے لکھے لوگ ہمیں یہ بتا رہے ہیں کہ ہمارے سیاست دان اور سیٹھ (اور اکثر سیٹھ سیاستدان) اپنی جائیدادیں باہر اِس لیے رکھتے ہیں کیونکہ اِس ملک میں سرمایہ کاروں سے نفرت کی جاتی ہے۔ آج حکومت میں ہیں تو کل جیل میں۔ آخر وُہ اپنے بچوں کے مستقبل کی فکر نہ کریں؟
یہ دانا لوگ ہمیں یہ بتانا بھول جاتے ہیں کہ آدھے سے زیادہ پاکستان بِن ماں کا بچہ ہے۔ ایک دفعہ سینیئر تجزیہ کار سِرل المیڈا نے کہا تھا کہ پاکستان میں زیادہ تعداد ایسے لوگوں کی ہے جنھوں نے کبھی یہ دیکھا ہی نہیں کہ سکول اندر سے کیسا دِکھائی دیتا ہے یا ہسپتال کے اندر کیا مزے ہوتے ہیں۔
لیکن ظاہر ہے اِس مخلوق کو ہم ٹی وی پر کم کم دیکھتے ہیں۔ٹی وی پر آج کل چوروں کا شور جاری ہے۔ کوئی کہتا ہے تم تو ہو ہی عادی چور۔ دوسرا کہتا ہے تمہارا باپ بھی چور تھا۔ پھر کوئی کہتا ہے لیکن پکڑے تو تم گئے ہو۔
کرپشن پر بحث ایسی ہی ہے جیسے جمعے کے خطبوں میں علما حضرات گناہ گاروں کا دِل گرمانے کے لیے حور و غلمان کا ذکر کرتے ہیں۔
ہم سے ووٹ مانگنے والوں نے تو لندن اور نیویارک میں گھر بنا رکھے ہیں۔ ہمیں اندر سے یہ سُن کر خوشی ہوتی ہے کہ ہم نہ سہی ہمارے کسی فوجی بھائی نے ارب پتی بننے کا طریقہ سیکھ لیا ہے۔
ہم سب کو اندر سے یقین ہے پیسے بنانے کا کوئی سیدھا اور ایمانی طریقہ نہیں ہے۔ کسی سیانے نے کہا تھا کہ آپ 50 ہزار تو حلال طریقے سے کما سکتے ہیں شاید 5 لاکھ بھی لیکن 50 کروڑ بنانے کے لیے تو چوری کرنی پڑتی ہے۔
اگر ہمارے ملک میں کرپشن کی سرایت کو سمجھنا ہو تو دارالحکومت اسلام آباد پر ہی نظر ڈال لیں۔ نِصف صدی پہلے کچھ جرنیلوں، سرکاری افسروں اور سیاستدانوں نے ایک خوبصورت جنگل چن کر دھڑا دھڑ ایک دوسرے کو الاٹ کرنا شروع کر دیا اور دو نسلوں بعد پاکستان کا سب سے مہنگا شہر وجود میں آ گیا۔ جِس ملک کے دارالحکومت کی بنیادیں ہی ایسے کھڑی ہوں اُس میں کسی سیاستدان یا چند سرکاری ملازمین کا نام اُچھالنے سے کچھ نہیں ہو گا۔
Image caption’جِس ملک کے دارالحکومت کی بنیادیں ہی کرپشن پر کھڑی ہوں اُس میں کسی سیاستدان یا چند سرکاری ملازمین کا نام اُچھالنے سے کچھ نہیں ہو گا‘
سُنا ہے اسلام آباد کا علاقہ چک شہزاد اِس لیے بنا تھا کہ کھیتی باڑی کرنے والوں کو دیا جا سکے۔ آج وہاں رہنے والوں سے پوچھیں کہ پیاز زیرِ زمین اُگتا ہے کہ درختوں پر لگتا ہے تو وہ کہیں گے کیا ’ہم تمہیں کمّی کمین لگتے ہیں۔‘
سیٹھوں، ججوں، جرنیلوں اور سرکاری ملازمین کو تو چھوڑیں ہم جو اپنے آپ کو قلم کا مزدور کہتے ہیں، مساوات اور اِنسانی حقوق کی چھابڑی لگا کر بیٹھے ہیں۔ ہمارے پریس کلب بھی اس انتظار میں رہتے ہیں کہ کوئی راہِ خدا کچھ دے جائے۔ ہمارے ہر چارٹر میں بھی مطالبہ ہوتا ہے کہ صحافیوں کو پلاٹ دیے جائیں۔
ہمارے شہروں کی آرٹ کونسل میں ہر طرح کے آرٹسٹ ہیں لیکن زیادہ تر ظاہر ہے شاعر ہیں۔ آرٹ کونسل بھی مطالبہ کرتی ہے کہ ہمیں بھی پلاٹ دیے جائیں۔ سوچتا ہوں کہ اگر ریاست کو ہر شاعر کو پلاٹ دینا پڑ گیا تو ہندوستان کے ساتھ دو چار اور ملک بھی فتح کر لیں پھر بھی زمین کم پڑ جائے گی۔
سچ تو یہ ہے کہ ہم جیسے خواب بیچنے والے بھی ایک آنکھ سے ستاروں پر کمند ڈالتے ہیں، دوسری آنکھ ماں کے پرس پر رکھتے ہیں۔
No comments:
Post a Comment