Thursday, 5 November 2015

مجھے سو فیصد یقین ہوگیا ہے

www.swatsmn.com


میں تحریک انصاف میں شامل دوسری جماعتوں کے کچرے، عمران خان کی غلطیوں پر لکھنا چاہ رہا تھا لیکن آج سوشل میڈیا پر ریحام خان کے ساتھ مشتاق منہاس اور عطاء الحق قاسمی کی تصویریں دیکھ کر کھٹک گیا۔ ایک بار پھر 1997 کے الیکشن کی یاد تازہ ہوگئی جب عطاء الحق قاسمی بلاناغہ عمران خان اور سیتاوائٹ سکینڈل پر کالم لکھتے تھے اور خوب عمران خان کی مٹی پلید کرتے تھے۔بدلے میں انہیں ناروےمیں سفیر بنادیا گیا جہاں اکثر نیکر پہن کر بیچ میں نہایا کرتے تھے۔ آج کل سنا ہے کہ عطاء الحق قاسمی کو پی ٹی وی کا سربراہ بنایا جارہا ہے۔


مجھے یاد ہے کہ 1988 میں نوازشریف نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے آبادیوں پر بے نظیر اور نصرت بھٹو کی بنائی گئی جعلی برہنہ تصاویر پھینکوائی تھیں۔ ہم بچے تھے ہیلی کاپٹر سے گرے پمفلٹ پکڑنے کیلئے بھاگا کرتے تھے لیکن نوازشریف کی بدقسمتی دیکھئے کہ اتنی گھٹیا حرکت کرنے کے باوجود بے نظیر اقتدار میں آگئیں ۔پھر 1993 میں نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو لانچ کیا جس نے یہ منجن بیچا کہ اسلام میں عورت کی حکمرانی جائز نہیں۔ یہ سب کرنے کے باوجود بے نظیر دوبارہ حکومت میں آگئیں اور مولانا فضل الرحمان جو کہتے تھے کہ ایک عورت کی اسلام میں حکمرانی جائز نہیں وہ ایک عورت کے ہی اتحادی بن گئے۔

پھر 1996 میں عمران خان نے تحریک انصاف لانچ کی۔ لانچنگ بہت شاندارتھی لیکن نوازشریف نے اسکا حشر نشر کروادیا۔ پرویز رشید اور مشاہد حسین سید کی زیرنگرانی ایک میڈیا سیل تشکیل دیا گیا جس کا کام عمران خان کی کردار کشی تھا۔اس میڈیا سیل نے عمران خان کو یہودیوں کا ایجنٹ ثابت کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، اسحاق ڈار کے ذریعے سیتاوائٹ سکینڈل نکالا گیا اور سیتاوائٹ سےباقاعدہ انٹرویو دلوایا گیا۔ جمائما خان کی کردارکشی کروائی گئی، عمران خان پر چندہ کھانے کا الزام لگاکر شوکت خانم بند کروانے کی کوشش کی گئی اور حکومت میں آکر عمران خان پر غداری کے مقدمے، سیتاوائٹ کو انصاف دینے ،شوکت خانم پر انکوائری بٹھانے کا وعدہ کیا گیا۔ساتھ ساتھ عمران خان کے سسر کے نام سے ایک چیک بھی میڈیا پر گردش کروایا گیا جو بعد میں جعلی ثابت ہوا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ جس نے عمران خان کوووٹ ڈالنا تھا وہ پیچھے ہٹ گیا۔

نوازشریف کے منظورنظر صحافیوں مشتاق منہاس اور عطاء الحق قاسمی کو ریحام خان کے ساتھ بیٹھے دیکھا تو مجھے سو فیصد یقین ہوگیا ہے کہ مسلم لیگ ن اب عمران خان کے خلاف ریحام خان کو لانچ کرے گی۔مشتاق منہاس کے ضلع میں جاکر نوازشریف نے میگاپراجیکٹس کا اعلان کیا ہے اور مشتاق منہاس ضلع باغ سے آئندہ آزادکشمیر الیکشن میں ن لیگ کا متوقع امیدوار بھی ہے۔ جبکہ عطاء الحق قاسمی اس وقت لاہور آرٹس کونسل کاچئیرمین ہے اور اب ایم ڈی پی ٹی وی بننے جارہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ یہ کیسی انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس ہے جس میں کوئی انٹرنیشنل صحافی ہی نہیں۔ اس کانفرنس میں پاکستان سے کوئی نمایاں نام ہی شرکت کیلئے نہیں گیا۔انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس کچھ دن پہلے تھی جس میں ریحام خان نہیں گئی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دوبارہ کانفرنس کیوں بلائی گئی؟ اس کانفرنس میں عطاء الحق قاسمی، مشتاق منہاس، مبین رشید، غریدہ فاروقی جیسے لوگ ہی نظر آئے، کوئی نمایاں نام نظر کیوں نہیں آ یا؟

یہ کانفرنس خود ہی چیخ چیخ کر کہہ رہی ہے کہ ریحام خان استعمال ہونے جارہی ہے۔ریحام خان کو ن لیگ کیسے استعمال کرے گی اور کونسا سکرپٹ اس سے کہلوائے گی اسکا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ بہر حال میرا تحریک انصاف کے دوستوں کو مشورہ ہے کہ اب عمران خان کے خلاف پروپیگنڈا کام نہیں کرے گا ۔ عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ایک ہی صورت میں عمران خان کو فرق پڑے گا اگر اس نے خیبرپختونخوا میں ریفارمز نہ کیں، گراس روٹ لیول پر لوگوں کے مسائل حل نہ کئے۔ اپنی پارٹی کی تطہیر اور پارٹی کو منظم نہ کا اور اپنے غلطیوں کا ازالہ نہ کیا۔ مونیکا لیونیسکی سکینڈل کے باوجود بل کلنٹن دوبارہ الیکشن جیت گیا کیونکہ اس نے اپنی عوام کیلئے کچھ کیا تھا۔ نئی ریفارمز لیکر آیا تھا، معیشت مضبوط کی تھی، نئی نوکریاں پیدا کی تھیں۔ عمران خان سے گزارش یہی ہے کہ وہ بجائے الجھنے کے پارٹی ٹھیک کرلیں ، عوام سے رشتہ جوڑ لیں اور خیبرپختونخوا کو مثالی بنادیں اور پنجاب اور سندھ کی عوام کو کہیں کہ میں نے یہ کچھ کیا ہے، اگر آپ اپنے صوبے میں یہ کچھ چاہتے ہو تو مجھے ووٹ دو۔ عوام ووٹ دے گی۔

No comments:

Post a Comment

10th National Desert Hike 2025 (Rambler Badge Hike for Rover Scouts)

10th National Desert Hike 2025  (Rambler Badge Hike for Rover Scouts) Chulistan ,روحی   نیشنل ڈزرٹ ہائیک 2025 تاریخِ عالم اس امر کی شاہد ہے ...